To View This Blog in Nastaliq Script Download Faiz Nastaliq Unicode Font

Download Faiz Nastaliq Unicode Font from http://www.faiznastaliq.com/faiznastaliq.zip unzip & install it to your windows/font directory

Sunday, March 27, 2011

FAIZ NASTALIQ UNICODE FONTA MILESTONE IN URDU WORLD
نستعلیق اور لاہوری نستعلیق:
Allama Iqbal, Munshi Parveen Raqam,
 Taj Zarreen Raqam
فنِ خطاطی ہر دور میں اپنی عالمگیری شہرت کی بنا پر ہمیشہ مقبولِ عام رہا ہے ۔ اس فن کی رعنائیاں قرطاس سے لیکر محلات، مساجد اور مقابر کے خوبصورت محرابوں میں ہر جگہ اپنے حسن وزیبائی کی کائنات سجائے ہوئے ہیں ۔ اس کے اعلیٰ نمونے قرآن پاک کے قدیم نسخوں، قلمی تحریروں ، تاریخی عمارتوں اور اپنے دور کے اعلیٰ ترین خطاطوں کی نایاب وصلیوں میں آج بھی دیکھنے کو ملتے ہیں جو اپنے حسن کی جھلک دکھا کر آج بھی توجہ کھینچ لیتے ہیں. خط نستعلیق آج کے دور میں کافی مقبولیت حاصل کرچکا ہے ۔ در اصل یہ ایرانی خط ہے جو نسخ اور تعلیق نامی دو خطوں سے مل کر بنا ہے ۔ اس خط کو بعد میں مختلف مراحل پر الگ الگ اساتذہ نے اپنے اپنے ڈھنگ اور اپنے طرز پر لکھنے کی سعی کی جس میں وہ کامیاب بھی ہوئے اور اس کے ساتھ ہی اس خط میں نکھار پیدا ہوتا گیا۔ نستعلیق کو جدید طریقے سے سجانے سنوارنے کا سہرا استاد الخطاطان منشی عبد المجید پروین رقم لاہوری کے سرجاتا ہے جنہوں نے آج سے محض پون صدی قبل اصل ایرانی طرز ِنستعلیق کو لے کراس میں کچھ تصریف کی، تمام حروف کو قدرے دلکش انداز میں لکھ کر اس کے دائروںکو بیضاوی شکل دے کر ان میں مزید نزاکت پیدا کی ۔یہ دائرے کچھ سمٹے ہوئے لہر دار نزاکت لئے ہوئے مخروطی بنائے گئے ہیں۔ گویا لگتا ہے جیسے کسی مصور نے اپنے موءِ قلم سے ایک حسین مجسمہ کو بنا کر اس میں جان ڈال دی ہے۔ یہی نستعلیق خط لاہوری طرز کے نام سے مشہور ہوگیا۔ بعد میں منشی پروین رقم کے دیگر تلامذہ نے اس خط میں جہاں جہاںاورجب ضرورت محسوس کی تبدیلیاں کرتے گئے ۔ ان میں مشہور خطاط تاج الدین زرّیں رقم لاہوری نے بہت ہی محنت و مشقت کے بعد اس خط کو تراش خراش کر اور بھی خوبصورت اور دلکش بنا دیا۔یہی وجہ ہے کہ خطِ نستعلیق کی دیگر صورتوں کی بہ نسبت لاہوری طرز سب سے زیادہ نازک کہلایا۔ دوسرے طرز میں حروف کی معمول سے زیادہ پیمائشیں بھی قابلِ قبول و قابلِ قدر ہو جاتی ہیں لیکن طرزِ لاہوری کی نزاکت ایسی ہے کہ قواعد کی کسی بھی قسم کی معمول سے زیادہ تبدیلی اس میں بدصورتی کا سبب بن جاتی ہے۔
فیض مجدّد لاہوری:

Muraqqa-e-Faiz
اسی نازک طرزِ خط کے امین تھے محترم فیض مجدّد لاہوری صاحب جو ہندوستان کی آزادی سے قبل اور بعد میں بھی اپنی فنی صلاحیتوں کے سبب ممبئی کے حلقۂ فنکاران میں ’’فیض کاتب و آرٹسٹ‘‘ کے نام سے مشہور تھے۔ آپ کشمیر کے ایک راج گھرانے ’’پال‘‘ کے چشم و چراغ تھے ۔ لاہور آپ کی جائے پیدائش اور وطنِ مالوف تھا اسی نسبت سے لاہوری کہلائے۔
فیض مجدّد لاہوری منشی عبد المجید پروین رقم لاہوری سے بہت زیادہ متاثر تھے۔ انھیں کو اپنا استاد مانتے تھے۔ بعد میں انھوںنے باقاعدہ تاج الدین زرّیں رقم لاہوری سے اصلاح لی اور خطِ لاہوری کے ماہر خطاطوں میں شمار ہوگئے۔ ان کے نام کی دھوم لاہور سے ممبئی تک ہونے لگی ۔
۱۹۲۸ء میں فیض صاحب ممبئی تشریف لائے۔ یہاں آکر انھوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا تو خطاطی کی دنیا میں ایک ہلچل مچ گئی۔ ممبئی والوں نے انھیں اتنا سراہا کہ وہ یہیں کے ہورہے اور آخری دم تک بمبئی میں ہی بسے رہے ۔ فیض صاحب کے لکھنے کا اپنا الگ اسٹائل ہے۔ اس اسٹائل میں انفرادیت بھی ہے اور کمالِ فن کا ثبوت بھی ۔انھوں نے خط لاہوری کے بیضوی دائروں اور دیگر حروف کو مزید لچکدار اور ان کے نازک جوڑوں کو آرٹسٹک انداز میں بنا کر ان میں نفاست اور دلکشی پیدا کردی ۔ فیض مجدد لاہوری کا یہ انفرادی طرزِ تحریر اس قدر مقبول عام ہوا کہ ہر صاحب کتاب کی خواہش ہوتی کہ وہ فیض صاحب سے ہی اپنی کتاب کا سرورق لکھوائے ۔ فیض صاحب ایک اعلیٰ خطاط ہونے کے ساتھ ساتھ مانے ہوئے مصور بھی تھے ۔آپ کی طبیعت میں نزاکت تھی، نفاست تھی، وہ حروف بناتے وقت ان میں مصوری کا حسن بھی بھر دیتے تھے چنانچہ انھوں نے طرز لاہوری میں مصوری کے رموز ونکات کا بھی لحاظ شامل کر دیا۔ جو کوئی ایک بار ان کے لکھے ہوئے طغرے یا ٹائٹل کو دیکھتااسے بار بار دیکھنے کی خواہش پیدا ہوتی تھی اور ایسا لگتا گویا کہ کسی حسین مجسم کو دیکھ رہے ہیں ۔
مرقعِ فیض:
١٩٨٢ء میں فیض مجدد لاہوری کے شاگرد اسلم کرتپوری نے لاہوری خطاطی کے قواعد و ضوابط پر مبنی کتاب ’’مرقع فیض‘‘ شائع کی ۔ جس میں وہ تمام تقطیعات شامل تھیں جو فیض صاحب نے اسلم کرتپوری کو لکھ کر دی تھیں ۔ اس کتاب میں خطاطی کے وہ طریقے بھی سکھائے گئے تھے جو عام خطاط جانے انجانے میں نظر انداز کردیا کرتے تھے ۔ ہندوستان میں لاہوری طرز کی یہ واحد کتاب ہے جس میں فیض صاحب کے لکھے ہوئے مختلف کتابوں اور اخبارات کے ٹائٹل اور ان کی وہ نایاب وصلیاں شامل ہیں جو فنی اعتبار سے ایک شاہکار کی حیثیت رکھتی ہیں اور نئے لکھنے والوں کی مددگار ثابت ہوئی ہیں ۔

Faiz Sahab, Aslam Kiratpuri, Dr. Rehan Ansari:
Teacher and the disciples
کمپیوٹر اور خط لاہوری:
Faiz Nastaliq Team Disussing
the Digital Forms of Characters and Ligatures
FAIZ NASTALIQ TEAM:
Aslam Kiratpuri, Dr. Rehan Asnari. Sayyad Manzar
آج کے نئے دور میں جبکہ کمپیوٹر پوری دنیا پراپنی گرفت مضبوط کر چکا ہے خطاطی کو بھی نئے انداز میں نوری نستعلیق کے نام سے کمپیوٹر کے ذریعہ روشناس کرایا جا چکا ہے۔ اس سے قبل کئی اصحاب اور کمپنیوں نے نستعلیق طرز کو کمپیوٹر کے ذریعہ استعمال کرنے کی سعی کی مگر نوری نستعلیق نے بازی مار لی۔ اس خط کو ’اِن پیج‘ نے اپنا کر اس کا استعمال بھی بڑھا دیا۔ ہندوستان میں ’اردو اِن پیج‘ سافٹ ویئر نے کافی مقبولیت حاصل کی ۔ بیشک ان پیج اس دور کا ایک مکمل اردو پبلشر سافٹ ویئر ہے۔ اس میں طرزنستعلیق کے بطور صرف ایک ہی خط ہے یعنی نوری نستعلیق جو عرفِ عام میں’دہلوی خط‘ کہلاتاہے ۔ایک ہی طرح کا خط دیکھتے دیکھتے لوگ اُوب چکے تھے اور چاہتے تھے کہ اس اسلوب تحریر میں کچھ ہٹ کر دیکھنے کو ملے۔ ’ثبات ایک تغیر کو ہے زمانے میں‘۔ اسی تبدیلی کی خواہش نے لاہوری خط کو کمپیوٹر میں دیکھنے کی تمنا کو روز بروز پروان چڑھایا۔ AXIS SOFTMEDIA  کے روح رواں سیّدمنظر اردو کے نت نئے فونٹ بنانے اورجدید طرزتحریر کے طغروں کو کمپیوٹر کے ذریعہ پیش کرنے میں کافی مہارت رکھتے ہیں۔ آپ نے فیض مجدد لاہوری کے شاگرد خاص اور مرقعِ فیض کے مرتّب اسلم کرتپوری سے رابطہ قائم کیا اور لاہوری نستعلیق کا فونٹ ڈیولپ کرنے کی خواہش ظاہر کی ۔ اسلم کرتپوری نے اپنے شاگرد ڈاکٹر ریحان انصاری کو اس کام کی ذمہ داری سونپی۔ ڈاکٹر ریحان انصاری پیشہ سے ڈاکٹر ہیں، صحافت سے بھی وابستگی ہے لیکن ایک اچھے خطاط و آرٹسٹ بھی ہیں۔ خطاطی میں ان کی دلچسپی اپنے پیشے سے زیادہ ہی نظر آتی ہے۔ یہ نوجوان جنون کی حد تک خطاطی سے لگاؤ رکھتا ہے۔ یہ بھی اتفاق ہے کہ ڈاکٹر ریحان انصاری فیض مجدد لاہوری سے ان کے آخری ایام میں اصلاح بھی لے چکے ہیں ۔ اسلم کرتپوری نے اپنے استاد فیض مجدد لاہوری کی کتاب کو سامنے رکھ کر لاہوری نستعلیق بنانے کا فیصلہ کیا۔ لیکن بعد میں طے پایا کہ فیض صاحب کی لکھی ہوئی وصلیوں کا ہی عکس لے کرکے فونٹ بنانے کا کام کیا جائے ۔ ڈاکٹر ریحان انصاری کمپیوٹر گرافک ڈیزائننگ میں بھی مہارت رکھتے ہیں ۔ انھوں نے کافی محنت اور جدو جہد کے بعد مرقع فیض کی تمام وصلیوں کا عکس حاصل کیا؛ ان کا تجزیہ کیا ۔ ہر حرف کا باریک بینی سے پوری ٹیم بیٹھ کر مشاہدہ کرتی اور جہاں کسی تکنیکی اعتبار سے اور ضرورت کے پیش نظر ہلکی سی بھی تبدیلی کی ضرورت محسوس ہوتی باہمی مشورہ کرکے اس کو کمپیوٹر کے مطابق بنانے کے لیے ہلکا ساتبدیل کردیا جاتا ۔لیکن اس بات کا پورا خیال رکھا جاتا کہ اس طرز لاہوری میں فیض صاحب کی جھلک من و عن برقرار رہے ۔ اسی ضمن میں بین السطور فاصلے کی ضرورت کے مدِّ نظر کچھ جوڑوں کے زاویوں کو بھی قدرے پست کر دیا گیا ہے نیز زیادہ لمبائی کے الفاظ کی لمبائی میں معمولی سا سمجھوتہ بھی داخل ہے، لیکن کوشش یہی ہے کہ ان میں کوئی واضح بدنمائی نہ پیدا ہو۔ آج فیض صاحب کی شدت سے یاد سے آرہی ہے اگر یہ کام ان کی آنکھوں کے سامنے ہوتا تو اسے دیکھ کر واقعی خوشی سے پھولے نہ سماتے ۔ پھر بھی ہم نے ان کے لکھے لاہوری خط کو زندہ کردیا ہے ۔ اور اس فونٹ کو ’’فیض لاہوری‘‘ کے نام سے موسوم کرنے کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔ امید ہے کہ رہتی دنیا تک یہ فونٹ فیض صاحب کا نام قائم رکھے گا۔ اور جولوگ خط نستعلیق میں کچھ تبدیلی کے خواہش مند تھے انھیں اس خط کو دیکھ کر اپنے ذائقہ کی تبدیلی کا احساس ضرور ہوگا ۔

1 comment:

Urdu Library Malegaon said...

Do you have Muraqqa e faiz book. If yes Plz upload or mail me at urdulibrary02554@gmail.com